بھٹکل،5؍نومبر(ایس او نیوز) محکمہ جنگلات کے افسران کی جانب سے بھٹکل تعلقہ میں مختلف مقامات پر اتی کرم داروں پر ہورہی ظلم و زیادتی کے خلاف 23نومبر کو بھٹکل محکمہ جنگلات کے دفتر کا گھیراؤ کیا جائے گا۔
حال ہی میں بھٹکل کے ایک ہوٹل میں اتی کرم داروں کے حقوق کے لئے جد وجہد کرنے والی ’ہوراٹاسمیتی‘ کی ضلع صدر دیویندرا نائک کی صدارت میں میٹنگ ہوئی تھی ۔ اس میں شریک اتی کرم داروں سے درپیش حالات سننے کے بعد دفتر محکمہ جنگلات کے باہر زبردست احتجاجی مظاہرا اور محاصرہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ہوراٹا سمیتی کے ذمہ داران نے بتایا کہ محکمہ جنگلات کے افسران اور عملہ جنگلاتی زمین پر قبضہ کرکے رہائش اور زراعت کرنے والوں کو بلاوجہ ستارہے ہیں۔ ان کی طرف سے کی جارہی ہراسانی قانونی دائرے سے باہر ہے۔ محکمہ جنگلات کے اعلیٰ افسران کے علم یہ بات لائے جانے کے باوجود اس کا کوئی فائدہ نہیں ہورہا ہے۔اس لئے محکمہ جنگلات کی ایذارسانی کی طرف حکومت کی توجہ مبذول کروانے کے مقصد سے بھٹکل میں بڑے پیمانے پر احتجاج اور دفتر کاگھیراؤ کیا جارہا ہے۔اس کے ساتھ ہی حکومت کے پاس تین اہم مطالبات رکھے جائیں گے ، جس میں اتی کرم داروں کو تحفظ، محکمہ جنگلات کے افسران و عملےکی ہراسانی کے اقدامات اور اتی کرم کو سکرم کرنے کی جو درخواستیں دی گئی ہیں ان کو فوری طور پر منظور کرنا شامل ہے۔